بھٹکل 12/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل بس اسٹائنڈ کے قریب ایک نامعلوم شخص کسی بیماری کی وجہ سے گرکر اگلے روز انتقال کرگیا تھا، نعش کی شناخت نہ ہونے پر کافی انتظار کے بعد پولس نے 10 اگست کو اس کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے منکولی شمسان گھاٹ میں دفنادیا تھا، مگر اب اس کے گھروالے سامنے آگئے ہیں اور نعش کی شناخت ہوگئی ہے۔
بتاتے چلیں کہ بھٹکل بس اسٹائنڈ کے قریب 3/اگست کو ایک نامعلوم شخص کسی بیماری کی وجہ سے نیچے گر کر بے ہوش ہوگیا تھا، اُسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد کے بعد اُڈپی اسپتال روانہ کیا گیا تھا، مگر وہ اگلے ہی روز یعنی 4/اگست کو انتقال کرگیا تھا، اُس کی نعش کی شناخت نہیں ہوپارہی تھی، جس کی وجہ سے پولس نے شناخت کے لئے لُک آوٹ نوٹس جاری کی تھی، مگر نعش کے تعلق سے کچھ بھی پتہ نہیں چل پایا تو نعش کو لاوارث قرار دے کر اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کی کاروائی انجام دینے کے بعد 10/اگست کو بھٹکل منکولی کے شمسان گھاٹ میں دفنادیا تھا۔ تدفین کے اگلے ہی روز11/اگست کو اس کے گھروالوں کو معاملے کا پتہ چلا تو انہوں نے پولس سے رابطہ کیا۔ آج 12/ اگست کو تمام تفصیلات گھروالوں کو فراہم کرنے کے بعد گھر والوں نے نعش کی شناخت شرالی تٹّی ہکّل کے رہنے والے 72 سالہ سومیّا گوئیدا دیواڑیگا کی حیثیت سے کی ہے۔ گھر والوں نے بتایا کہ یہ غیر شادی شدہ تھا۔
مہلوک سومیّا کے بڑے بھائی کے لڑکوں نے نعش کی شناخت کے بعد منکولی شمسان گھاٹ پہنچ کر اُس کی قبر پر پھول چڑھاتے ہوئے اور عود بتی جلاتے ہوئے ضروری رسومات کو ادا کیا ۔
